لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چین میں سکالرشپ کیلئے جانیوالے طلبہ کیلئے فنڈز کا بروقت اجرا نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر طلبہ کیلئے 20 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کیلئے اقدامات شروع فنڈز کے اجرا کے لئے آڈٹ کاپی پر دستخط ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے فنڈز کا اجرا ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ایسی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ طلبہ کیلئے بروقت فنڈز جاری کرنا متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے۔ چین جانے والے طلبہ کو مستقبل میں کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔