وزیراعلیٰ پنجاب کا ادھار تیل فراہم کرنے پر سعودی عرب سےاظہار تشکر

Last Updated On 23 May,2019 03:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موخر ادائیگی پر تیل فراہم کرنے پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کیا۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ فراخدلانہ اقدام پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی طرف سے ادھار تیل کی فراہمی معیشت کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے جس سے معیشت کے بارے میں غیر یقینی کے بادل چھٹ جائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومتوں کی لوٹ مار کی وجہ سے درپیش معاشی مشکلات میں کمی آئے گی۔ سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کا ساتھ دے کر دوستی نبھائی ہے۔ اس معاونت سے تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ معیشت بہتر ہوگی اور بجٹ خسارے میں کمی آئے گی۔ سعودی عرب کی بروقت مدد سے پاکستانی کرنسی کی قدر بھی مستحکم ہوگی۔