لاہور: (دنیا نیوز) ملک احمد خان نے چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا چیئرمین نیب اب احتساب کی پوزیشن میں نہیں رہے۔
لیگی رہنما ملک احمد خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کی ذات پر بغیر ثبوت الزامات لگائے گئے، صاف پانی کیس، آشیانہ میں شہباز شریف کی گرفتاری نہیں ہونی چاہیے تھی، شہباز شریف نے پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ کیا ہے، بے بنیاد، من گھڑت الزامات پر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، چیئرمین نیب کے خلاف کیس فائل کریں گے، نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خودکشی کرنے پر مجبور کیا، کیا نیب ماورائے قانون ادارہ ہے ؟۔
ملک احمد خان کا کہنا تھا کیا نیب والے یہ سمجھتے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ؟ نیب سے گرفتاری کی وجہ پوچھو تو کہتے ہیں خفیہ دستاویز ہیں، کیا رمضان شوگر ملز کے پیسے شہباز شریف نے بیرون ملک بھیجے ؟ نیب قانون میں کہاں لکھا ہے کہ چیئرمین نیب خود سوالنامہ ترتیب دیں، نیب چاہتا ہے جس کی چاہے گردن پکڑے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، ملکی مفادات کی تشریح نیب نے کرنی ہے تو پارلیمنٹ کو تالا لگا دیں۔
مسلم لیگ نون کے رہنما نے مزید کہا کہ نیب تحریک انصاف کا پلاننگ یونٹ ہے، نیب کی وجہ سے لوگوں نے خودکشیاں شروع کر دی ہیں، چیئرمین نیب نے کہا وزرا کیخلاف اس لیے کارروائی نہیں کر رہا کہ حکومت نہ گر جائے، نیب حکومت کا ایک ٹول ہے، نیب قانون کا غلط استعمال کر رہا ہے، چیئرمین نیب نے ملکی نظام کا تماشہ لگا دیا ہے، یقین ہے چیئرمین نیب ملکی مفاد میں استعفیٰ نہیں دینگے، قانون کو اس ملک میں کون بیان کرے گا؟۔