کراچی: (دنیا نیوز) گرمی سے تنگ کراچی والوں کیلئے اچھی خبر، ہیٹ ویو کا خطرہ ٹل گیا، شہر قائد کا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
قائد کے شہر میں گرمی کی لہر میں کمی آگئی، اب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری کے بجائے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوگا، سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پیر کے بعد سے شہر کا درجہ حرارت معمول پر آ جائے گا۔
ادھر لاہور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد آج صبح سے مطلع صاف ہے اور سورج پوری چمک دمک سے نمودار ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ کل بروز اتوار آسمان پر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی رہے گی، سوموار سے دوبارہ مطلع صاف اور گرمی میں اضافے کا امکان ہے۔