اپوزیشن دھمکیوں کے بجائے نیب کے سوالات کا جواب دے، فردوس عاشق

Last Updated On 21 May,2019 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب پر حملہ، دھمکیوں اور میڈیا میں گھسیٹنے کے بجائے نیب کے سوالوں کے جواب دیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک قومی ادارہ ہے، موقف پیش کرنا اس کا استحقاق ہے، احتساب بیورو نہیں بولے گا تو ڈس انفارمیشن جنم لے گی۔ اپوزیشن دھمکیوں کے بجائے سوالوں کے جواب دے۔

فرودس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیب کسی قسم کے حکومتی شکنجوں سے بالکل آزاد ہے لیکن جہاں مشکلات ہو سکتی ہیں، وہاں سہولت دینا ہماری آئینی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اگر نیب کی کارروائیوں پر شکایات ہیں تو عدالتیں آزاد ہیں۔ نیب اپنا کام دائرہ کار کے تحت کر رہی ہے۔ نیب کی ترجمان نہیں ہوں لیکن جب نیب نہیں بولے گا تو پھر ڈس انفارمیشن جنم لیتی ہے، ترجمان نیب کو اس حوالے سے جواب دینا چاہیے۔