وزیراعظم لانگ ٹرم معاشی پالیسی لا رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 12 May,2019 08:21 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت تمام سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔

ماضی کے حکمرانوں نے اقتدار اور اختیارات کو اپنے گھر کی لونڈی بنا رکھا تھا۔ بڑا بھائی وفاق جبکہ چھوٹا صوبے میں اختیارات پر سانپ بن کر بیٹھ گیا۔ عوام کی طاقت سے’’سٹیٹس کو‘‘کو شکست دیں گے۔ اب نئے بلدیاتی نظام کے تحت تمام سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔

حکومت کو احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں لیکن مشکل وقت جلد ختم ہوگا کیونکہ عمران خان لانگ ٹرم معاشی پالیسی لا رہے ہیں۔

میری سیٹ میرے حلقے کی امانت ہے۔ سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنے اپنے مورچوں پر ڈٹے رہیں۔ عمران خان عوام کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

عمران خان نے محل بنا کر بیرون ملک بچوں کو آباد نہیں کرنا، بھارت جا کر سریا نہیں بیچنا اور چین جا کر اپنے خاندان کی بات نہیں کرنی، وہ صرف عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔