اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو کنٹینر اور کھانا دینے کیلئے تیار ہیں: فردوس عاشق

Last Updated On 19 May,2019 01:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو غور سے دیکھا جانا چاہیے کوشش کر رہے ہیں کہ گیس اور بجلی کے بلوں میں غریبوں پر کم سے کم بوجھ لادیں۔اپوزیشن اگر احتجاج کرنا چاہتی ہے تو کنٹینر سمیت کھانا بھی دینے کے لیے حکومت تیار ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام اختلافی نوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کے اکٹھے ہونے کے مقاصد، عزائم اور پس پردہ حقائق کا جاننا ضروری ہے کہ یہ کیوں اکٹھے ہو رہے ہیں۔ اگر یہ عوام کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔ ملکی معیشت کی خرابی میں ان سب کا ہاتھ ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ گیس سیکٹر میں 180 ارب کا خسارہ جو چھوڑ کر گئے ہیں وہ بھی عوام کو پتہ ہیں۔ ان لوگوں نے معیشت پر خود کش حملے کیے۔ یہ معاشی دہشتگرد ہیں۔ بجلی، گیس سمیت تمام اداروں میں بے جا خسارہ کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے معاملے پر ہم سخت آپریشن کر رہے ہیں، 4600 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان چیلنجز کو ختم کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

عوام کے احتجاج کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عوام ان کے ساتھ کبھی مل کر احتجاج نہیں کریں گے کیونکہ عوام کو پتہ ہے کہ ان لوگوں نے ملک کے ساتھ کیا کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں یہ لوگ بات نہیں کرتے۔ قوم کے ایوان کو ان لوگوں نے سیاسی اکھاڑہ بنایا ہوا ہے۔