راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوموں کی زندگی میں اچھے اور برے وقت آتے رہتے ہیں، پاکستان اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے، انشا اللہ ہم مشکلات سے ضرور نکلیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا راولپنڈی میں زچہ بچہ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے قرضے دیں گے۔ ہیلتھ انصاف کارڈ کے ذریعے غریب شہری کہیں بھی اپنا علاج کروا سکیں گے۔ ہر انسان چاہتا ہے اس کے پاس گھر ہو، اس کیلئے ہم ہاؤسنگ سکیم لا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کوئی آدمی فٹ پاتھ پر نہ سوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے احساس ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے اور لوگ مشکل میں ہیں لیکن یہ بات سمجھنے کی ہے کہ گیس اور بجلی کیوں مہنگی ہوئی؟
وزیراعظم نے بتایا کہ گیس سیکٹر میں قرضے چڑھ گئے تو اسے مہنگا کرنا پڑا، قرضے اتارنے کے لئے قیمت بڑھانی پڑتی ہے۔ قرضوں کو اتارے کے لئے قوم کو مشکلات کو برداشت کرنا پڑے گا۔ قرضوں کی بیماری کو ختم کرنے کے لئے آپریشن کرنا پڑے گا۔
عمران خان نے پرامید رہتے ہوئے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اچھے اور برے وقت آتے رہے ہیں لیکن پاکستان اللہ تعالیٰ کا خاص تحفہ ہے جسے بہت سی نعمتوں سے نوازا گیا ہے۔ ہم انشا اللہ ان مشکلات سے نکلیں گے۔