اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت ای سی ایل سے نام نکال کر احسان نہیں کرے گی، سپریم کورٹ نے نام ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ وزیراعظم میں ایوان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، اپنے معاشی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے آج صبح ٹویٹ کیا، اچھا ہوتا وزیراعظم ایوان میں ہوتے تو جواب دیتا لیکن ان میں سامنا کرنے کی ہمت نہیں۔ حکومت چندہ اکٹھا کرنے کیلئے پوری دنیا گھوم رہی ہے، ملک چلانے کیلئے آپ چندہ مانگ رہے ہیں، ہسپتال چلانے کیلئے14ارب کہاں سے دینگے۔ سندھ کے ہسپتالوں سے متعلق فیصلہ 18ویں ترمیم پرحملہ ہے، اپنے معاشی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
چئیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے یا نکالنے سے فرق نہیں پڑتا، حکومت ای سی ایل سے نام نکال کرکوئی احسان نہیں کریگی ،یہ حکم سپریم کورٹ نےدیا تھا۔بلاول بھٹو نے عندیہ دیا کہ گزشتہ حکومت نے بھی 5سال پورے کیے،انشااللہ یہ پارلیمان بھی اپنی مدت پوری کرے گی۔