اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا اعلان کر دیا۔ فواد چودھری کا کہنا ہے مراد علی شاہ کے استعفے کا مطالبہ برقرار ہے، نیب وزیراعلیٰ سندھ سے متعلق تفتیش کرے گا، آصف زرداری ہی اومنی گروپ کے اصل مالک ہیں، فلم ٹھگز آف پاکستان میں وقفہ آیا ہے، وزیراعظم کا سیاسی مافیا کے خلاف آپریشن کلین اپ کامیاب ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام نکال دیا جائے گا، وزیراعلیٰ کا ای سی ایل میں نام باعث شرمندگی ہے، عدالت کا فیصلہ سر آنکھوں پر۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے کیس نیب کے حوالے کر دیا ہے، اومنی گروپ کے اصل مالک و مختار آصف زرادری ہیں، آصف زرداری نے جو فائدے لیے اس میں مراد علی شاہ کا اہم کردار ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا جے آئی ٹی تحلیل ہوئی یا نہیں یہ فیصلہ آنے کے بعد پتہ چلے گا، اس معصوم ٹولے کی خواہش دیکھیں، یہ چاہتے ہیں عوام باہر نکل کر ان کے پیسوں کی حفاظت کریں، ان کے درمیان ایک دوسرے کے مقدمات نہ کھولنے کا معاہدہ تھا۔ انہوں نے کہا عہدوں کی وجہ سے نام ای سی ایل میں ڈالے یا نکالے نہیں جاتے، جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفتیش 2015 میں شروع ہوئی، ای سی ایل میں نام کردار کی وجہ سے ڈالے جاتے ہیں، پوری قوم کرپٹ عناصر کے خلاف اکٹھی ہے۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل اور جے آئی ٹی سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے جعلی بینک اکاؤنٹس کا معاملہ نیب کو بھجوایا تھا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکم دیا کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل اور جے آئی ٹی رپورٹ سے نکال دیئے جائیں، نیب جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش 2 ماہ میں مکمل کرے۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے بلاول بھٹو معصوم ہیں، اس نے پاکستان آ کر کیا کیا ہے ؟ وہ تو صرف اپنی ماں کی وراثت کو لے کر چل رہا ہے، انکا کبھی کاروبار سے تعلق نہیں رہا ، جے آئی ٹی نے کسی کے کہنے پر یا بد نام کرنے کیلئے اقدام کیا، مرادعلی شاہ کی عزت نفس مجروح کی گئی۔