اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری اور بلاول آج اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے چیمبرمیں آئے، شہباز شریف نے باہر آ کر دونوں رہنماوں کا استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے سربراہان کے مابین ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل میں متوقع متحدہ اپوزیشن کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی۔
پاکستانی سیاست میں ہلچل کے آثار، بڑی اپوزیشن جماعتوں کے بڑے مل بیٹھے۔ وفاقی دارالحکومت میں سابق صدر آصف زرداری اور چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدر ن لیگ شہباز شریف سے ملاقات شروع ہو گئی۔ آصف زرداری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آر او لینا چاہتے ہیں نہ حکومت دینے کی پوزیشن میں ہے، پہلے دن سے واک آؤٹ ہو رہا ہے پھر این آر او کیوں نہیں دیا، آصف زرداری وزیراعظم کے پارلیمنٹ آنے پر بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور پنجاب میں ن لیگی قیادت کو ٹف ٹائم دیئے جانے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے امور، بلوچستان میں حکومت سمیت دیگر معاملات پر بات چیت ہو گی۔
یاد رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن طویل عرصے سے پی پی اور ن لیگ پر مشتمل بڑے اپوزیشن اتحاد کیلئے کوششیں کر رہے تھے جو اب بارآور ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔