کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پریڈ کا انعقاد پی این ایس قاسم منوڑہ میں ہوا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض گیلانی نے ان کا استقبال کیا۔
کوسٹل کمانڈ کی جانب سے ایفیشنسی پیریڈ کا انعقاد سالانہ بنیادوں پر سال کے اختتام پر کیا جاتا ہے جس میں پورے سال میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس میں شیلڈز تقسیم کی جاتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کو جیونی سے لے کر سر کریک تک پھیلی پاکستان کی ساحلی پٹی کی حفاظت کی اہم ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جس کو وہ مشکل اندورنی اور بیرونی سیکیورٹی حالات اور سخت موسمی تبدیلیوں کے ساتھ بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔
چیف آف دی نیول سٹاف نے اپنے خطاب میں موجودہ بحری چیلنجز بشمول گوادر پورٹ کی سیکیورٹی اور سی پیک کے بحری دفاع سے متعلق معاملات سے نبرد آزما ہونے کے لیے پاک بحریہ کے بحری بیڑے کی آپریشنل صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انھوں نے اہم بحری تنصیبات اور تمام خطرات اور چیلنجز سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان نیوی پاکستانی ساحل اور علاقائی سمندر میں اپنی مستعد موجودگی کے ذریعے شر پسند عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا موقع فراہم نہیں کر رہی ہے۔
اس کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے اور پاک بحریہ بیرونی اور اندرنی خطرات سے مادرِ وطن کا دفاع ہر قیمت پر کر رہی ہے۔
نیول چیف نے پاکستان نیوی وژن کے تین ستونوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگی تیاری، میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور نظریاتی اساس کے ذریعے ہی ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔
بلو اکانومی اور پاکستان کے بحری وسائل کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے میری ٹائم سیکٹر اور اس کی ترقی اور سیکیورٹی پر توجہ مرکوز کرنا ناگزیر ہے۔
ایڈمرل عباسی نے اس سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا جن میں سیمینارز اور نیشنل میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد او ر تاجر برادری سے تعلقات استوار کرنا تا کہ انھیں بحری وسائل کی بیش بہا خوبیوں اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ان وسائل کے صحیح استعمال کے حوالے سے آگاہ کیا جائے شامل ہیں۔
قبل ازیں اپنے خطاب میں کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض گیلانی نے کوسٹل کمانڈ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور سال 2018ء میں کی جانے والی سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کیا۔
انھوں نے کہا کہ دیگر آپریشنل ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ کوسٹل کمانڈ نے مشق ’سی سپارک 2018ء‘ میں بھی کامیابی سے حصہ لیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال 2018ء کے دوران بہترین کار کردگی دکھانے والے یونٹس میں شیلڈز تقسیم کیں۔