پشاور: (دنیا نیوز) چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں کو سزا نہ ملی تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی، اب جھنڈے والی گاڑی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی عدالت جائے گا، چور کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی بنانے کیلئے ووٹ نہیں ملے، لوگوں نے عمران خان کو احتساب کیلئے ووٹ دیا.
وزیر ریلوے شیخ رشید نے پشاور کے کینٹ ریلوے سٹیشن پر رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس عمران خان کی طرف سے پٹھانوں اور خیبرپختونخوا کیلئے تحفہ ہے، ٹرین کا کرایہ 1350 روپے رکھا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس 26 گھنٹے میں پشاور سے کراچی کا فاصلہ طے کرے گی۔ ٹرین پشاور سے راولپنڈی، وزیرآباد اور براستہ فیصل آباد سے کراچی پہنچےگی۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ریلوے میں 25 ارب روپے قرض اور 30 ارب روپے تنخواہوں کی مد میں جاتے ہیں، سی پیک کے تحت جہانگیرہ اورنوشہرہ کے ریلوے سٹیشنز کی تعمیرنو کریں گے، سفاری ٹورازم کیلئے تین ٹرینیں چلائیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ میرے خلاف زندگی میں ایک بارتحقیقات ہوئیں جس میں سرخروہوا، تابوت کندھے پرلیکرسیاست کرتاہوں،کوئی سیاستدان ایسا نہیں جوآٹھویں مرتبہ وزیر بنا ہو۔ چورکو چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی بنانے کیلئے ووٹ نہیں ملے، عوام کرپٹ لوگوں کے احتساب کیلئے عمران خان کو اقتدار میں لائے، حقیقی تبدیلی کیلئے وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر ریلوے نے سوال اٹھایا کہ اب جھنڈے والی گاڑی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی عدالت جائے گا، چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں کو سزا نہ ملی تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی۔