اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن ارکان نے چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کے لئے خط بھجوا دیا، خط پر نون لیگ، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے اور اختر مینگل کے دستخط موجود ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فوری اور سنگین صورتحال سے آگا ہ کرنا ہے، چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال وقت دیں، نیب ارکان کے پارلیمان کو ہراساں کرنے اور انتقام کا نشانہ بنانے کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں، نیب کے متنازعہ، غیر منصفانہ اور معمول سے ہٹ کر ہونے والے اقدامات پاکستان میں جمہوری عمل کو متاثر و کمزور کر رہے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حزب اختلاف پختہ یقین پر کاربند ہے کہ کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں اور ملک میں احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے، اپوزیشن احتساب کے عمل کو پاکستان کے عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے ضروری تصور کرتی ہے، غیر منطقی، یک طرفہ، متعصبانہ احتساب کا عمل صرف اپوزیشن ارکان پر دباؤ اور سیاسی انتقام کے لئے استعمال ہو تو یہ پارلیمان کی خودمختاری اور بالادستی کے لئے خطرہ بن جاتا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ نیب کے حالیہ اقدامات اور اس کے حکام کے عوامی بیانات سے غیرجانبداری، شفافیت اور ارادوں پر شدید تحفظات پیدا ہوئے ہیں، احتساب کے عمل کو اسلامی تعلیمات، پاکستان کے آئین، قانون، انصاف کے فطری اصولوں اور انسانی عزت و وقار کے مطابق ہونا چاہئے، قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان آپ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں تاکہ آپ کو فوری نوعیت کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرسکیں۔