بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری سزا مکمل ہونے پر رہا

Last Updated On 17 December,2018 09:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو رہا کر دیا گیا، حامد نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے پر رہا کیا گیا، حامد نہال انصاری کو واپس بھارت بھجوا دیا جائے گا۔

 حکومت پاکستان نے بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو سزا کی مدت ختم ہونے پر رہا کر دیا ہے۔ بھارتی جاسوس کو ملک دشمن سرگرمیوں پر تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جسے رہائی کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو حکومت نے سزا کی مدت ختم ہونے پر رہا کر کے بھارت روانہ کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حامد نہال انصاری نے کچھ عرصہ قبل غیر قانونی طور پر پاک بھارت سرحد پارکی اور اس پر ریاست کے خلاف اقدامات کے مقدمات موجود تھے، اس کے علاوہ اس پر کاغذات میں ردوبدل کرنے کے بھی مقدمات کے تحت تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم اس کی سزا کی مدت ختم ہونے کے بعد اسے رہا کردیا گیا ہے۔