کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

Last Updated On 24 November,2018 03:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چینی قونصل خانے پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا، مقدمہ دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں بلوچستان کی کالعدم جماعت اور ہلاک دہشتگردوں کا نام بھی شامل ہے۔

مقدمے میں ہلاک دہشتگرد آزل، رازق اور رئیس بلوچ کو نامزد کیا گیا ہے، حربیار مری، اسلم اچھو، نور بخش مینگل، کمانڈر نثار، کریم مری، کمانڈر شریف، آغا شیر دل سمیت کالعدم تنظیم کے 13 ملزمان بھی نامزد ہیں۔ مقدمے میں دہشت گردی، دھماکا خیز مواد رکھنے، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ گیٹ پر مامور گارڈ جمن خان کو دہشتگردوں نے فائرنگ سے زخمی کیا، دہشت گردوں نے گیٹ کو توڑنے کے لئے ڈیوائس استعمال کی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور 2 افراد شہید ہوئے، پولیس اور رینجرز نے تینوں دہشت گردوں کو فائرنگ کر کے مارا۔

دوسری جانب کراچی حملے میں ملوث دہشت گردوں کے مبینہ 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں اہم پیشرفت کا امکان ہے، بلوچستان پولیس کی بھی معاونت حاصل کر لی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں کی عبدالرزاق، ازل خان مری عرف سنگت اور رئیس بلوچ کے نام سے شناخت ہوگئی، ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی جاچکی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہلاک دہشت گرد عبدالرازق بلوچستان حکومت کا ملازم اور خاران کا رہائشی ہے، حملے میں مارے گئے دہشتگرد عبدالرزاق کی ہلاکت کی اہلخانہ نے تصدیق کر دی۔ ہلاک دہشتگرد کے اہلخانہ کے مطابق عبدالرزاق کی مذموم سرگرمیوں سے تنگ آکر اسکے بھائیوں نے 2014 میں لاتعلقی اختیار کرلی تھی، عبدالرزاق سے لاتعلقی کا اشتہار نجی اخبار میں بھی دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی کے مبینہ مالک حیدر سمیت 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، گاڑی 2016 میں شو روم پر فروخت کی تھی، گاڑی اے کے ایس 973 کا سی پی ایل سی ریکارڈ کلئیر بتایا جاتا ہے۔

کراچی میں دہشتگردی کی کڑیاں بھارت سے ملنے لگیں، کالعدم تنظیم کا اسلم اچھو ماسٹر مائنڈ انڈین کٹھ پتلی نکلا، جعلی پاسپورٹ پر افغانستان سے بھارت پہنچا، نئی دلی کے میکس ہسپتال میں زیر علاج رہا، ثبوت دنیا نیوز نے حاصل کرلئے۔ تحقیقاتی اداروں کے مطابق اسلم اچھو نے جعلی پاسپورٹ پر افغانستان سے بھارت متعدد سفر کئے۔ کالعدم بے ایل اے کے باغی گروپ کے کمانڈر اسلم اچھو کی بہن سلمہ گزشتہ سال سرحد پار کرتے ہوئے گرفتار ہوچکی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری، بلدیہ، سہراب گوٹھ، اورنگی ٹاؤن کے علاقوں میں چھاپے مارے اور 10 افراد کو حراست میں لے لیا، ان سے حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔