’ہوشربا انکشاف، چینی قونصلیٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ بھارت میں موجود‘

Last Updated On 23 November,2018 08:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق چینی قونصلیٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو ہے جو اس وقت بھارت میں موجود ہے۔

دنیا نیوزذرائع کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ہے اور یہ دہشتگرد ان دنوں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی:چینی قونصل خانے پر حملہ، ایک دہشتگرد بلوچستان حکومت کا ملازم نکلا

ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت عبدالرازق، ازل خان مری عرف سنگت دادا اور رئیس بلوچ کے نام سے ہوئی ہے، دہشتگرد عبدالرازق بلوچستان حکومت کا ملازم اور ضلع خاران کا رہائشی تھا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ابتدائی رپورٹ تیار کر کے وزیراعلیٰ کو پیش کر دی ہے۔

ادھر کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شوروم پر کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے، دہشتگرد حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے مالک نے جس شوروم پر گاڑی فروخت کی، چھاپہ وہاں مارا گیا ہے۔

اسلم اچھو 2011ء سے 2014ء تک ٹرینوں پر فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث تھا، ڈاکٹر اللہ نذر کی فیملی کو افغانستان منتقل کرنے میں اسلم کی بہن سلمیٰ بھی کردار ادا کر رہی تھی۔