شنگھائی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے سی پیک سے رابطوں میں اضافہ اور فاصلے کم ہوں گے، سرمایہ کاری کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، پاکستان میں احتساب اور ہر شعبے میں شفافیت کا نظام رائج کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی میں انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا سی پیک مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہوگا، انتخابات میں ہماری پارٹی نے تبدیلی کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان برآمد کرنے والا اہم ملک ہے، پاکستان سے طبی سامان کی برآمد بھی اہم ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا سی پیک سے خطے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، قراقرم ہائی وے شاہراہوں کے عالمی نیٹ ورک میں شامل ہوگئی ہے، سی پیک فاصلوں اور اخراجات کو کم کر کے وسائل میں اضافہ کریگا۔