بیجنگ: (دنیا نیوز) بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان نے چینی نائب صدر وینگ کشان سے ملاقات کی. ہر مشکل میں ساتھ نبھانے والا چین، پاکستان کے مالی بحران سے نکلنے کیلئے تعاون پر تیار ہے، پاکستان اور چین کے مابین زراعت، اقتصادی و تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، قبل ازیں وزیراعظم کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب بھی ہوئی۔
بیجنگ میں وزیراعظم نے نائب چینی صدر وینگ کشان سے ملاقات کی جس میں ماہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان نے چینی نائب صدر سے دونوں ممالک کےسٹریٹجک تعلقات اور خطے میں درپیش مشترکہ چیلنجز پر بات چیت کی، چینی نائب صدر نے سی پیک پر جاری مختلف منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور سکیورٹی معاملات پر گفتگو کی۔
قبل ازیں بیجنگ میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستان اور چین کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں سی پیک، اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت لی کی چیانگ نے کی۔ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب ہوئی جہاں انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی ہیروز کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔