بیجنگ: (دنیا نیوز) پاکستان اور چین نے سٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پراتفاق کر لیا۔ چین نے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے سی پیک منصوبوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کامیاب دورہ چین، دونوں ممالک کا سٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری کو مضبوط کرنے پراتفاق کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک اچھے ہمسائے، قریبی دوست، آہنی بھائی اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔
باہمی دوستی اورتعاون کا خطے اور خطے سے باہرامن اوراستحکام میں اہم کردارہے۔ اعلامیہ میں اعادہ کیا گیا ہے کہ چین، پاکستان کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سلامتی اور سیکیورٹی کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔
چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کوخارجہ پالیسی میں اولین ترجیح دیتا ہے۔ اہم معاملات پر پاکستان کی مسلسل اورمضبوط حمایت کی بھی قدر کرتا ہے، دونوں ممالک نے سی پیک منصوبوں سے متعلق پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک سی پیک کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔