لاہور: (روزنامہ دنیا ) لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی کیخلاف درخواست پر جج کی عدم دستیابیکی وجہ سے سماعت نہ ہوسکی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کے بینچ میں عمران خان کے خلاف درخواست زیر سماعت ہے ۔ جج کے ملتان بینچ میں ہونے کے باعث درخواست پر سماعت نہ ہوسکی ۔ ہائیکورٹ میں عمران خان کی کامیابی کو ان کے مدمقابل امیدوار عبدالوہاب بلوچ نے چیلنج کیا ہے ۔
واضح رہے کہ عمران خان الیکشن 2018 میں پانچ حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے ۔ اور حیران کن طور پر وہ ان پانچوں حلقوں سے الیکشن جیت گئے تھے۔ انہوں نے لاہور کے حلقہ این اے 131 سے خواجہ سعد رفیق کو شکست دی ۔ اسلام آباد کے حلقے این اے 53 سے شاہد خاقان عباسی کو شکست دی۔ این 243 کراچی سے سید علی رضا ( ایم کیو ایم پی ) کو شکست دی ۔ این اے 95 میانوالی سے پی ایم ایل این کے عبیداللہ خان کو شکست دی ۔ این اے 35 بنوں سے اکرم درانی کو شکست دی۔
بعد ازاں انہوں نے میانوالی این اے 95 کی سیٹ رکھنے کافیصلہ کیا۔ ان کی چھوڑی ہوئی سیٹوں پر ضمنی الیکشن میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں این اے 131، این اے 35سے پی ٹی آئی یہ سیٹیں ہار گئیں۔ جبکہ این اے 53، این اے 243 کراچی سے پی ٹی آئی سیٹیں بچانے میں کامیاب رہی ۔