وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے سندھ حکومت کو پانی چور قرار دے دیا

Last Updated On 13 October,2018 10:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے سندھ حکومت، واٹربورڈ، کے الیکٹرک اور پولیس کو پانی چور قرار دے دیا۔ لانڈھی میں بڑی مقدارمیں پانی کی چوری پکڑنے کا دعویٰ، ایم ڈی واٹر بورڈ نے موقع پر طلب کرنے پر یاد دلا دیا کہ یہ ان کا کام نہیں ہے۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اپنے اختیارات سے آگاہ ہونے کے ساتھ یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے پھر بھی پانی چوری پکڑنے کے لیے چل پڑے۔ نتیجہ ایم ڈی واٹر بورڈ کا ٹکا سا جواب نکلا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کا پیغام سناتے ہوئے فیصل واوڈا میڈیا کو کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون لانڈھی کے قریب ایک جگہ لے گئے اور دعوی کیا کہ زیر زمین کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کا پانی چوری کا پورا سسٹم ہے، پانی کی اس چوری میں سندھ حکومت بھی ملوث ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایسے درجنوں مقامات ہیں جہاں سرکار اور واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے کروڑوں گیلن پانی چوری ہو رہا ہے اور وہ مستقبل میں ان جگہوں کی نشاندہی بھی کریں گے۔