اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں کونسل کو شامل کیا گیا تو 200 ارب روپے بچا لیں گے، بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے سکوک بانڈز جاری کرنے کی تجویز بھی دے دی۔
دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں پاکستان انجینئرنگ کونسل نے 200 ارب روپے بچانے کی پیشکش کر دی اور منصوبے سے 30 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا دعوی بھی کیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل جاوید سلیم قریشی کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم زلزلہ سے تباہ نہیں ہوگا۔ یہ ڈیم پاکستان کی ترقی کا ضامن بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درست حکمت عملی مرتب کی جائے تو دیامر بھاشا ڈیم کا فنڈ ہفتوں میں اکھٹا ہوسکتا ہے۔
چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ملک کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے پاکستانی انجنئیرز کی خدمات حاصل کرنے پر زور دیا۔ جاوید سلیم قریشی نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے دسمبر میں 3 روزہ کانفرنس ہوگی، جس میں دنیا بھر کے ماہرین شرکت کریں گے۔