اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں سابق اپوزیشن لیڈر اور پی پی رہنما خورشید شاہ کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں، خورشید شاہ کے بیٹے اور داماد کو بھی انکوائری میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کا دائرہ سابق اپوزیشن لیڈر تک پہنچ گیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں پر تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
نیب سکھر نے خورشید شاہ کے اثاثوں کی تفصیلات مختلف اداروں سے طلب کرتے ہوئے ان کے بیٹے اور داماد کو بھی انکوائری میں شامل کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران نیب نے پیپلز پارٹی کے کئی وزرا کیخلاف انکوائریوں کا آغاز کیا لیکن بیشتر تحقیقات انجام تک نہ پہنچائی جا سکیں۔
ضیاء لنجار، منظور وسان، اعجاز جاکھرانی، نواب وسان رؤف کھوسو، سہراب سرکی، سہیل انور سیال اور ستار راجپر کے خلاف انکوائریز دو سال میں بھی مکمل نہیں ہو سکی ہیں۔