جمہوری عمل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، خورشید شاہ

Last Updated On 15 August,2018 06:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ پاکستان کے آئین وقانون کیلئے کردار ادا کریں۔

سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سابقہ سپیکر نے اس پارلیمنٹ کو پانچ سال جمہوری انداز میں چلایا، یہ پارلیمنٹ ملک کی خود مختار پارلیمنٹ ہے، خوشی ہے میری پارٹی اور قائدین نے اس پارلیمنٹ کو قائم رکھنے کیلئے اپنی زندگیاں دیں، ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک ہماری جمہوریت کیلئے جو قربانیاں ہیں وہ رنگ لا رہی ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ صبروتحمل سے جمہوریت کو قائم رکھا اور آئندہ بھی ہمیں پارلیمنٹ کی خود مختاری کو قائم رکھنا ہے، امید ہے ہم اس پارلیمنٹ کے تقدس کو بحال رکھیں گے اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئینی اور قانونی طریقے سے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔