صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن پر کسی کو اعتراض نہیں، خورشید شاہ

Last Updated On 26 August,2018 05:24 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن کے نام پر پاکستان مسلم لیگ سمیت کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

خورشید شاہ کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے پشاور میں بلور ہاؤس کا دورہ کیا۔ وفد میں اعتزاز احسن، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ شامل تھے۔ وفد نے غلام بلور سے ہارون بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے چودھری اعتزاز احسن کے نام پر کوئی اعتراض نہیں کیا، تاہم طریقہ کار پر اعتراضات کیے گئے جسے ہم بھی تسلیم کرتے ہیں، اعتزاز احسن پر کسی کو اعتراض نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کو بھی چاہیے کہ وہ اعتزاز احسن کو سپورٹ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے کوئی نئے اعلانات نہیں کیے، حکومت نے صرف نمائشی اقدامات کیے ہیں۔ حکومت نے سرخی پاؤڈر لگا کر جو تین چار چیزیں کیں، ان کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے۔ بیرونِ ملک علاج کرانے پر پابندی اور صوابدیدی فنڈز پر پہلے ہی پابندی تھی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بڑے بڑے اعلانات کیے ہیں، اس پر عمل درآمد کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں، حکومت کے وعدے اس کے گلے پڑینگے۔ ملک کی معاشی حالت کی بہتری چیلنج ہے۔ چھوٹے چھوٹے اعلانات سے کچھ نہیں ہو گا۔ پاکستان کا اصل مسئلہ اکانومی، تعلیم، صحت اور پانی ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ آبادی ہے جس پر حکومت بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر اور نوکریوں کے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں وزیرِاعظم کے ایڈوائزر کون ہیں جو ایسے مشورے دیتے ہیں۔ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ وزیرِاعظم ہاؤس کے کسی ملازم کو نکال کر دکھائیں۔ دعاگو ہوں کہ قوانین سب کے لیے یکساں ہوں۔