لاہور، راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) پنجاب بھر کے میڈیکل کالجز میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا اس کیلئے لاہور میں سات امتحانی مراکز جبکہ پنجاب کے دیگر 13 شہروں میں 28 مراکز قائم کئے گئے۔ میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے تمام انتظامات کی مکمل طور پر سینئر بیوروکریٹس نے نگرانی کی۔
66 ہزار سے زائد امیدوار ٹیسٹ میں شامل ہوئے جن میں 42 ہزار طالبات اور 24 ہزار طلبہ ہیں۔ پانچ ہزار سے زائد نگران عملے نے انٹری ٹیسٹ میں فرائض سر انجام د ئیے۔ وی سی یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے، پیپر کے اختتام پر طالبات کا کہنا تھا کہ اس سال میڈیکل انٹری ٹیسٹ کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے اور پیپر بھی پچھلے سال کی نسبت آسان تھا۔
لاہور میں 7 امتحانی مراکز قائم کیے گئے جس میں 19 ہزار سے زائد امیدوار نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ دیا۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن امتحانی ہال لارنس روڈ،پنجاب یونیورسٹی امتحانی ہال وحدت روڈ، یو ای ٹی جی ٹی روڈ ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سمن آباداور ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں بھی مراکز قائم کیے گئے تھے۔
راولپنڈی کے پانچ امتحانی مراکزمیں مجموعی طور پر 7874 طلباوطالبات نے انٹری ٹیسٹ دیا، اس مرتبہ امیدواروں کو ٹیسٹ کے بعد سوالیہ پرچہ ساتھ لیجانے کی اجازت تھی۔ میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے موقع پر امتحانی مراکز کے اردگرد دفعہ 144 کا نفاذ تھا انٹری ٹیسٹ کا پرچہ چار کوڈز پر مشتمل تھا امیدوار اپنی جوابی کاربن کاپی کی مدد سے اپنا سکور خود معلوم کرسکیں گے۔