فنکار وں کیلئے وظیفہ کے اجراء کی پالیسی بنائی جائیگی، وزیر اطلاعات پنجاب

Last Updated On 24 September,2018 09:33 am

راولپنڈی: ( روزنامہ دنیا) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے فنکاروں کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں گے، فنکاروں کے لئے مالی معاوضے، علاج معالجہ اور وظیفہ کے اجراء کے لئے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔

راولپنڈی آرٹس کونسل میں آرٹسٹوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وائس آف پنجاب کے نام سے میوزیکل مقابلے راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں ہوں گے جن میں نوجوان گلوکاروں کو فن کا مظاہرہ کرنے کے مواقع ملیں گے، 9 نومبر کو یوم اقبال کے موقع پر مزار اقبال پر منفرد تاریخی پروگرام منعقد ہوگا، اس طرح سال رواں کے اختتام پر عالمی صوفی میلہ ہوگا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فنکار معاشرے کا حساس طبقہ ہے جن کے مسائل حل کرنے اور انہیں فنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں گے، اس موقع پر ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد، ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی حامد جاوید اعوان اور راولپنڈی کے معروف آرٹسٹ موجود تھے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ قومی ہیروسپاہی مقبول حسین کی شہادت اور خدمات پر خصوصی ڈرامے کا سکرپٹ تیار کر لیا گیا ہے جو 15 نومبر کو الحمرا لاہور میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد یہ سٹیج ڈرامہ دیگر شہروں میں بھی پیش کیا جائے گا، آرٹسٹوں کی درخواست پر صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مقامی آرٹسٹوں کو راولپنڈی کونسل میں آفس کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ وہ ثقافتی سرگرمیوں کو وسعت دیں اور عوامی تفریحی پروگرام تیار کریں جن کے لئے ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی اور تمام فنکاروں کو بلاامتیاز راولپنڈی کو نسل کے سٹیج ڈراموں میں کاسٹ کرنے کی پالیسی پر عملدآمد کرایا جائے گا۔