دبئی: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچ گئے، دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے کے موقع پر ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان سے ملاقات کی جس میں نائب وزیراعظم، وزرائے داخلہ و خارجہ اور قومی سلامتی مشیر نے شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، عبدالرزاق داؤد اور پاکستانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستان، عرب امارات دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر بات چیت پر زور دیا گیا اور دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
عمران خان اور محمد بن زید نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا اور علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر دونوں ممالک کے مشترک نقطہ نظر پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کےفروغ سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔