اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے زلفی بخاری کو معاون خصوصی بنانے کا فیصلہ کر لیا، زلفی بخاری تارکین وطن کے معاملات پر وزیراعظم کی معاونت کریں گے۔
واضح رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت سے قبل وہ عمران خان کے ہمراہ عمرے پر روانہ ہو رہے تھے کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے امیگریشن حکام نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
زلفی بخاری کا نام آف شور کمپنیوں کے باعث پاناما لیکس میں بھی آیا ہے جس بناء پر نیب میں ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں وہ کئی بار نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب اس وقت سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت وزیراعظم کے پاس موجود ہے جب کہ ایم کیوایم کے رہنما عامر خان نے گزشتہ روز دعویٰ کیا یہ وزارت ایم کیو ایم کو ملے گی جس کے وزیر امین الحق ہوں گے۔