مدینہ منورہ: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی، وزیرِاعظم اور وفد کیلئے روضہ رسول ﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔
وزیرِاعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورہ کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے۔ ائیرپورٹ پر مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔
وزیرِاعظم عمران خان اور ان کے وفد نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت کی۔ وفد کے لیے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔
وزیرِاعظم عمران خان اور وفد ریاض الجنتہ میں نماز مغرب اور نوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہو گیا۔ وزیرِاعظم جدہ پہنچے تو ائیرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اطلاعات چودھری فواد حسین اور مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وزیرِاعظم عمران خان سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔