اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان کا سعودی عرب کا دو روزہ دورہ مکمل، دونوں ملکوں کی قیادت نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیرِاعظم عمران خان شاہی محل پہنچے تو انھیں خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عمران خان کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال، عالمی امور اور اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان اور سعودی فرمانروا نے پاک سعودی عرب تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعداہ بھی کیا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ محمد بن سلمان نے وزیرِاعظم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے وزراء کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِاعظم نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاست اور دفاع، اقتصادیات کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی۔
وزیرِاعظم عمران خان نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی سلامتی اور خود مختاری کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونے کا عزم کیا۔ وزیرِاعظم نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد کے وژن کو سراہا۔
سعودی قیادت نے وزیرِاعظم عمران خان کو انتخاب میں کامیابی اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے وژن کو بھی سراہا۔ وزیرِاعظم نے سعودی قیادت کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کیا۔