لاہور ہائیکورٹ: سب سے بڑے اراضی سکینڈل کیس کےملزمان کیخلاف مقدمہ درج

Last Updated On 18 September,2018 03:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اراضی سکینڈل کیس میں جسٹس علی اکبر قریشی کے حکم پر تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو 30 روز میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالتوں کو بدنام کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اراضی سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس علی اکبر قریشی نے حکم دیا کہ عدالتوں کو بدنام کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ جس پر پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فاضل جج نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو 30 روز میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔

دنیا نیوز نے ایک لاکھ 93 ہزار کنال اراضی کے جعلی عدالتی فیصلے بنانے والے گروہ کو بے نقاب کیا تھا، عدالت کے حکم پر اراضی سکینڈل میں ملوث 8 ملزمان ارشد علی، محمود، محمد رمضان، محمد حسین اور فضل دین، عبد الرحیم، سردار علی، پیر محمد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

درخواستگزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ دنیا نیوز نے جعلی عدالتی فیصلے بنانے والوں کو بے نقاب کیا، بے باک صحافت پر دنیا نیوز کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمہ اہم نوعیت کا ہے، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جائے۔