آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں مزید پیشرفت، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے 4 افسر گرفتار

Published On 09 Mar 2018 07:19 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کا معاملہ مزید الجھ گیا، احد چیمہ نے ایویلوایشن کمیٹی کو ذمہ دار ٹھہرا دیا۔ احد خان چیمہ کے انکشافات پر نیب حکام نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کے چار افسران کو گرفتار کر لیا۔

آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں مبینہ کرپشن کا معاملہ سلجھنے کے بجائے مزید الجھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احد خان چیمہ نے ٹیکنیکل اینڈ فنانشل ایویلوایشن کمیٹی پر ملبہ ڈال دیا۔ انہوں نے بیان دیا کہ کمیٹی نے سارے فیصلے کئے، میں نے توصرف معاملات کو آگے بڑھایا۔

ذرائع کے مطابق احد چیمہ کے انکشافات پر نیب حکام نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چار افسران سے 10 گھنٹے تک تحقیقات کیں۔ بعد ازاں چیف انجینئر اسرار سعید، بلال قدوائی، امتیاز حیدر اور کرنل (ر) عارف کو گرفتار کر لیا گیا۔

افسران سے دو روز قبل 6 سوالات کے جواب مانگے گئے تھے۔ افسران سے پوچھا گیا کہ ٹیکنیکل اینڈ فنانشل ایویلوایشن کمیٹی کے ممبر نے کیا کام کیا، فزیبلٹی سٹڈی کس نے تیار کی اور کن معاملات کو مدنظر رکھا گیا۔ نیب نے افسران نے پوچھا کہ کاسا ڈویلپرز اور بسم اللہ انجینئرنگ کو ٹھیکہ کیسے دیا گیا۔

نیب حکام کی طرف سے ایل ڈی اے حکام کو احد چیمہ کی اہلیہ سمیت سات عزیزوں کی فہرست تھمائی گئی ہے کہ اِن افراد کی جائیدادوں کا ریکارڈ جلد نیب کے حوالے کیا جائے۔