پاکستان جلد دنیا کی بڑی معاشی قوت بنے گا :راحیل شریف

Last Updated On 04 September,2018 04:04 pm

ریاض (نیٹ نیوز ) سابق آرمی چیف اور اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بہت جلد دنیا کی بڑی معاشی قوت بنے گا سعودی عرب میں بزم ریاض کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا امن پسند ملک ہے اور اب یہ صرف ہمارا فرض ہے کہ ہم آپس کے اختلافات بھلا کر ایک ہوجائیں

 آج دنیا بھر میں پاکستان کے باصلاحیت افراد کی قدر کی جاتی ہے، میں سعودی عرب کے علاوہ دنیا بھر میں کہیں بھی جائوں مجھے اس حوالے سے فخر ہوتا ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں۔ اس ملک کے لوگوں کی صلاحیتوں سے دنیا بھر کے عوام کچھ نہ کچھ سیکھتے ہیں اور پاکستانی عوام اپنی محنت اور لگن کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد شناخت رکھتے ہیں۔


راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی صرف اور صرف عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، ہم قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فرمودات کی روشنی میں اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش میں مصروف رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک نے ان تھک اور مسلسل کوششوں کے بعد کامیابی کی منازل طے کی ہیں اور آج ان کا شمار دنیا کے کامیاب ممالک میں کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے وہاں کے معاشی حالات بھی دیگر ممالک کی نسبت زیادہ بہتر ہیں۔ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی اپنے وطن کا سفیر ہے اور اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر خان ہاشم بن صدیق نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس وقت شدید مسائل سے دوچار ہے اور اس نے قیام امن کیلئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا ہے، ہمارے آبائو اجداد نے اس ملک کے قیام کیلئے بڑی قربانیاں دیں اور آج ہمارا فرض ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی بقا کیلئے قربانی دینے کو تیار ہوجائیں۔