میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر تقریب کا انعقاد، راحیل شریف کی شرکت

Published On 06 Sep 2017 05:25 PM 

یوم دفاع کے موقع پر قوم کے سپوت میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کی قبر پر بھی خصوصی تقریب کا انعقاد، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور ان کے اہلخانہ نے مزار پر حاضری دی۔

لاہور: (دنیا نیوز) پاک دھرتی کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے تاریخ میں امر ہو گئے کہ اُنہوں نے اپنا آج ہمارے آج کے لئے قربان کر دیا۔ اِنہیں عظیم سپوتوں میں شامل ہیں میجر شبیر شریف نشان حیدر بھی۔ یوم دفاع کے موقع پر اُن کی قبر پر بھی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف، شہید کے بیٹے تیمور شریف اور خاندان کے دیگر افراد نے میانی صاحب میں میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر حاضری دی۔

تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام کے علاوہ شہداء سے محبت کرنے والوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ اِس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ میجر شبیر شریف شہید سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے جنہیں جنگ میں کارہائے نمایاں انجام دینے پر اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا تھا۔