اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے اعتزاز احسن میرٹ پر سب سے آگے ہے، الیکٹورل کالج کے ممبرز میرٹ پر ووٹ دیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے 73 کا آئین بنایا، تحفظ بھی کرے گی، انشا اللہ اب جمہوریت کا راج ہو گا، 73 کا آئین ہمیشہ بالادست رہے گا۔ بلاول بھٹو نے دستور گیلری کا دورہ بھی کیا۔ خورشید شاہ بلاول کو دستور گیلری لے کر گئے۔
یاد رہے ممکنہ طور پر صدارتی انتخاب کیلئے الیکٹورل کالج (سینیٹ، قومی اسمبلی، پنجاب، سندھ، پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی) 672 ارکان پر مشتمل ہوگا۔ اس الیکٹورل کالج میں قومی اسمبلی، سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی کے ارکان کا ایک ایک ووٹ شمار ہوگا۔ چونکہ بلوچستان اسمبلی کے ارکان کی تعداد اس وقت سب سے کم 60 ہے تو دیگر تینوں اسمبلیوں کے ارکان کی تعداد بھی اسی لحاظ سے شمار کی جائے گی۔
پنجاب اسمبلی میں 5.9 ارکان کا ایک ووٹ ہوگا۔ سندھ اسمبلی کے 2.7 ارکان کا ایک ووٹ جبکہ پختونخوا اسمبلی کے 1.8 ارکان کا ایک ووٹ ہوگا۔ پنجاب اسمبلی میں کل 62 الیکٹورل ووٹوں کیلئے پولنگ ہوگی۔