حجاج کرام کی سنی گئی، شاہین ائیر لائنز کو آپریشن جاری رکھنے کی اجازت

Last Updated On 01 September,2018 01:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حجاز مقدس میں محصور پندرہ سو حجاج کرام کی سنی گئی، شاہین ائیر لائنز کو آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔ سول ایوی ایشن نے بھی لائسنس کی تجدید کردی، 325 مسافر آج کراچی پہنچیں گے۔

دنیا نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شاہین ایئر لائنز کو سعودی عرب سے حاجیوں کو واپس لانے کے لیے پروازوں کی اجازت دیتے ہوئے لائسنس کی توثیق کردی۔ پرواز منسوخ ہونے سے ساڑھے تین سو حجاج کرام مدینہ ایئرپورٹ پر محصور تھے، معاملہ حل ہونے کے بعد حجاج کی آج وطن واپسی ہوگی، حجاج کرام نے وزیراعظم سے مدد کی درخواست کی تھی۔

اس سے قبل سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر لائنز کے پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی تجدید سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین ایئر حجاج کی واپسی کے لیے متبادل ایئر لائنز کی پروازوں کا بندوبست کرے۔ سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر انٹرنیشنل کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست کو ختم ہو چکا اور ایک ارب سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کارروائی کی جا رہی ہے۔ شاہین ایئر اور سول ایوی ایشن کے درمیان ادائیگیوں کا تنازع بہت پرانا ہے۔

سعودی عرب سے قبل چین میں بھی شاہین ایئر کے مسافر ایسی ہی اذیت سے دوچار ہوچکے ہیں، گزشتہ ماہ پاکستانی مسافر چین کے شہر گوانگ ژو میں پھنسے رہے اور بالآخر کئی روز کے انتظار کے بعد مسافروں کو متبادل پروازوں سے وطن لایا گیا تھا۔