پالیسی بنانا حکومت کا کام، سپہ سالار نے واضح کر دیا: فواد چودھری

Last Updated On 31 August,2018 05:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے ہماری پالیسی نواز شریف کی طرح ذاتی نہیں، تاریخ میں پہلی بار تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، بھارت کیساتھ جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، دونوں ممالک کو غربت اور جہالت کے خلاف لڑنا ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آرمی چیف نے واضح کہا فوج دیگر اداروں کی طرح حکومت کے ماتحت ہے، پالیسی بنانا حکومت کا کام ہے، جی ایچ کیو میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی، فوج کی تمام قیادت بریفنگ میں موجود تھی۔ انہوں نے کہا فوج ہر اس پالیسی پر عمل کرے گی جو سول حکومت بنائے گی، تمام اداروں کی مشترکہ حکمت عملی سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان بھارت سے جنگ نہیں امن چاہتا ہے، دونوں ممالک کو غربت، جہالت کیخلاف لڑنا ہے، چین پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے، چاہتے ہیں امریکا اور روس بھی پاکستان میں آ کرسرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتکاری کی، ہالینڈ نے گستاخانہ خاکوں کی منسوخی کی اطلاع سب سے پہلے پاکستان کو دی، وزیراعظم نے گستاخانہ خاکوں پر گزشتہ روز دکھ کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا مغرب کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے قوانین لانے چاہیں، کسی کو حق نہیں کہ دوسروں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائے۔