اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہنڈی اور کرنسی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پیر کو اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس ہنڈی کی حوصلہ شکنی پر مبنی ون پوائنٹ ایجنڈے پر ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہمیں گرے لسٹ میں اس لیے بھی ڈالا کہ ہمارا نام حوالہ اور ہنڈی میں ہے، ملائیشیا میں ہونے والے اجلاس سے پہلے اقدامات کر رہے ہیں، ملکی دولت اور پیسوں کی اسمگلنگ روکنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ملکی نظام چلانے کیلئےفوری 9 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ پارلیمنٹ کی مشاورت سے ہوگا۔
ادھر وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے سینیٹ میں اپنے جواب میں کہا 3 سال میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو 13 ارب کا نقصان ہوا، یوٹیلیٹی اسٹورز کو مکمل بند نہیں کیا جائے گا، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو محدود کیا جائے گا، یوٹیلیٹی اسٹورز کی 1400 شاخوں کو بند کیا جائے گا۔
وزارت صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 5 سال میں دی گئی سبسڈی کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق 5 سال میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو 23 ارب روپے سبسڈی دی گئی، وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت 2 ارب 72 کروڑ 59 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی، رمضان پیکج کے تحت 5 سال میں 8 ارب 67 کروڑ 20 لاکھ کی سبسڈی دی گئی، چینی پر 5 سال میں 11 ارب 88 کروڑ 15 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی، 18-2015 تک چینی پر سبسڈی نہیں دی گئی۔