شیخ رشید کا پروٹوکول نہ لینے اور ریلوے خسارہ ایک سال میں ختم کرنےکااعلان

Last Updated On 25 August,2018 09:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہمیں کفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد کرانا ہے، مجھ سمیت کوئی افسر وی آئی پی پروٹو کول نہیں لے گا، پاکستان کےعوام ہی ہمارے لیے وی آئی پی ہیں۔

وفاقی وزیر شیخ رشید کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری ریلوے نے شیخ رشید کو بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق، ریلوے کو اس وقت 37 ارب کا خسارہ ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ جب تک یہاں ہوں سکون سے بیٹھوں گا نہ کسی کو آرام کرنے دوں گا، میرا ٹارگٹ آمدن بڑھانا اور خسارہ کم کرنا ہے، افسران تعاون کریں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا محکمہ اخراجات کم کرے اور سارا زور آمدن بڑھانے پر لگائے، مارکیٹنگ اسٹریٹجی اور فریٹ ٹرینوں پر خاص فوکس ہوگا، پرائیویٹ سیکٹر کو متوجہ کریں، ان کیلئے سازگار ماحول بنائیں۔ انہوں نے کہا ریلوے کی زمینوں پر کمرشل پلازے بنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے ریلوے اسٹیشنز کے قریب گندگی ختم کرنے کیلئے صفائی ٹاسک فورس بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ریلوے کے تمام اسپتالوں کو پرائیوٹائز کریں لیکن مزدور کو نقصان نہ ہو، کوئی افسر آرام کرتا نظر نہ آئے سب فیلڈ میں جائیں، ریلوے کیلئے بزنس لائیں۔