اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ملاقات کی، جنرل زبیر محمود حیات نے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر عمران خان کو مبارکباد دی، ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ادھر وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی ٹیم نے حلف اٹھالیا، اسد عمر خزانے کے وزیر، شاہ محمود وزیرخارجہ اور فواد چودھری وزیراطلاعات بن گئے، شیخ رشید ریلوے، فروغ نسیم قانون اور پرویز خٹک نے وفاع کی کمان سنبھال لی۔
وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا۔ ایوان صدر میں ہونیوالی پروقار تقریب میں صدر ممنون حسین نے 16 وفاقی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر، سیاسی رہنماؤں اور اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
عمران خان کی ٹیم میں اسد عمر کو وزیرخزانہ، شاہ محمود قریشی وزیرخارجہ، فواد چودھری وزیراطلاعات و نشریات اور پرویز خٹک کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ فروغ نسیم وزارت قانون، خالد مقبول صدیقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی اور شیخ رشید ریلوے کے وزیرہوں گے۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ کو وزیر سیفران، نورالحق قادری وزیر مذہبی امور، شیریں مزاری وزیر انسانی حقوق، غلام سرور خان وزیر پٹرولیم اور زبیدہ جلال وزیر دفاعی پیداوار کے امور سرانجام دیں گی۔