وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر ڈٹ گئے

Last Updated On 18 August,2018 06:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نامزد وزیراعلیٰ پنجاب کی حمایت میں سامنے آگئے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئےعثمان بزدار کے نام پر قائم ہوں۔

عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر ڈٹ گئے، اپنے نامزد امیدوار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں، 2 ہفتے غور کے بعد عثمان بزدار کو ایماندار شخص پایا، نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نئے پاکستان کے وژن اور پارٹی نظریے پر قائم ہیں۔ عثمان بزدار دیانتدار، ساتھ دینے والا اور ویژن کو لیکر چلنے والا شخص ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کیے گئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر قتل کے مقدمہ میں دیت دے کر صلح کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ عثمان بزدار پر 1998 میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا جس میں عثمان بزدار، ان کے والد اور دیگر کو نامزد کیا گیا تھا۔ عثمان بزدار اور ساتھیوں کو عدالت نے جنوری 2000 میں مجرم ٹھہرایا تھا۔ عثمان بزدار اور ان کے والد نے 75 لاکھ روپے دیت ادا کر کے فریقین سے صلح کی تھی۔ پولیس کہ مطابق 1998 میں پولنگ کے دوران 6 افراد مارے گئے تھے اور عثمان بزدار اور ان کے والد پر قتل کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

اس کے علاوہ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر کرپشن کے بھی الزامات ہیں۔ انہوں نے بطور تحصیل ناظم خلاف ضابطہ بھرتیاں کرائیں۔ عثمان بزدار کے خلاف درخواست پر نیب نے کارروائی نہیں کی۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کے خلاف ستمبر 2016 میں درخواست ملی تھی۔

مقدمات کے حوالے سے اپنے ردعمل میں نامزد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ میرا کیس ختم ہوچکا ہے، ایف آئی آر میں کسی کا بھی نام درج کروایا جاسکتا ہے، میں انویسٹی گیشن رپورٹ اور عدالت سے بری ہوچکا ہوں۔ فریقین کا آپس میں جھگڑا تھا ان کی صلح ہم نے کرا دی تھی، میڈیا میں میرے خلاف غلط پروپگنڈا کیا جارہا ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کوئی ایشو نہیں ہے ہر وقت جواب دینے کے لیے تیار ہوں، مقدمہ 20 سال پرانی بات ہے۔ دیت ہم نے نہیں دی تھی، ہمارے قبیلے کا مسئلہ تھا۔ دیت کے معاملات ہم نے طے کروائے تھے، میرا اس کیس سے تعلق نہیں، سیاسی معاملہ تھا۔

واضح رہے کہ عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے پہلے ہی متنازعہ ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے پاس امیدوار تبدیل کرنے کا آپشن بھی ختم ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت 5 بجے تک تھا، کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی رات ساڑھے 8 بجے ہوگی۔