آزادکشمیر: مسافروین برساتی نالے میں بہہ گئی، 2 خواتین سمیت 3جاں بحق

Last Updated On 12 August,2018 03:24 pm

میرپور: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے علاقے میر پور کے قریب راولپنڈی سے آنے والی مسافر وین برساتی نالے میں بہہ گئی، حادثے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 افراد کی تلاش جاری ہے۔

مسافر وین راولپنڈی سے سمائنی جا رہی تھی کہ راستے میں آنے والے برساتی نالے کے سیلابی پانی کی زد میں آ کر بہہ گئی، وین میں سوار 2 خواتین سمیت 3 افراد ڈوب جانے کے باعث جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی بس سرڈگر کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے باعث 25 مسافر شدید زخمی جبکہ 4 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم پولیس مصروف تفتیش ہے۔

ٹریفک حادثے کا تیسرا واقعہ کراچی میں پیش آیا جہاں مسافر بس الٹنے سے 3 خواتین زخمی ہو گئیں، حادثہ ناظم آباد 7 نمبر کے قریب پیش آیا۔ زخمی خواتین کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔