فیصل آباد: 2 طالبعلموں کا قتل، پولیس مقابلہ جعلی قرار

Last Updated On 12 August,2018 05:43 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 طالبعلموں کا قتل، حقائق جاننے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ مکمل، سی پی او فیصل آباد نے طلباء کی ہلاکت کو جعلی مقابلے کا رنگ دینے کی کوشش کا پول کھول دیا۔

2 روز قبل تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں پولیس نے جعلی مقابلے میں 2 طالبعلموں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، جس پر سی پی او کی جانب سے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی، جس نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔ سی پی او فیصل آباد اشفاق خان نے دعوی کیا ہے کہ ضمانت قبل ازگرفتاری کروانے والے دونوں اہلکاروں کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔ سی پی او فیصل آباد نے دونوں طلبا کے بے گناہ ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔

سی پی او فیصل آباد نے مزید دعوی کیا ہے کہ مقدمہ میں نامزد دیگر پولیس اہلکار ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ملزمان سے نرمی نہیں بلکہ دیگر ملزمان کی طرح تفتیش کی جائے گی۔ دوسری جانب مقتول عثمان کے والد ہیڈ کانسٹیبل منور اور مقتول ارسلان کے والد لیاقت نے چیف جسٹس سے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔