وزیراعلیٰ پنجاب 48 گھنٹے میں فائنل ہوجائے گا، فواد چودھری

Last Updated On 11 August,2018 08:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کیلئے تین نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب 48 گھنٹے میں فائنل ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 14 اگست کو بلایا گیا ہے جبکہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان کے جانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے تین نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں، ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ تحریک انصاف کے پاس ہی رہے گا۔ گورنر خیبرپختونخوا کے نام بارے مشاورت جاری ہے جبکہ 24 سے 48 گھنٹوں تک وزیراعلی پنجاب کا نام بھی فائنل ہوجائے گا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے 180 ووٹ مل جائیں گے جبکہ وزیراعظم کے لیے ووٹوں کی تعداد 180 سے زائد ہوجائے گی۔ بابر اعوان کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے جبکہ دیگر نشستوں سے استعفیٰ دے دیں گے۔

دوسری طرف اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ پارٹی اجلاس میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے مختلف ناموں پر غور ہوا۔ سردار حنین بہادر دریشک، مخدوم ہاشم حمید، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر نام زیر غور آئے۔ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے اعتراض کیا کہ سردار حسنین بہادر اور مخدوم ہاشم صرف دو ماہ پہلے پارٹی میں آئے ہیں، پنجاب کی وزارت اعلیٰ پارٹی کے وفادار اور پرانے کارکن کو ملنی چاہیئے۔