تھانہ کلچر میں تبدیلی کے لیے آئی جی پنجاب سرگرم

Last Updated On 07 August,2018 05:43 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) سید کلیم امام آئندہ حکومت میں بھی عہدہ رکھنے کیلئے پر امید، تھانہ کلچر میں تبدیلی کے لیے افسران سے ایک سال کا پلان مانگا لیا۔

آئی جی پنجاب نے تھانہ کلچر میں تبدیلی اور پولیس ریفارمز کے لیے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے ایک سال کا پلان مانگ لیا۔ نگران حکومت میں پنجاب پولیس کے آئی جی بننے والے ڈاکٹر سید کلیم امام نے مستقبل کی پلاننگ شروع کر دی ہے اور پرامید ہیں کہ نئی حکومت آنے کے بعد بھی وہ آئی جی پنجاب رہیں گے۔

روزنامہ دنیا کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق سید کلیم امام کی طرف سے افسروں کو بھجوائے گئے مراسلے میں پوچھا گیا ہے کہ وہ اپنی ڈویژن اور ضلع کو کیسے چلائیں گے ان کی کیا ترجیحات ہوں گے۔ رشوت کے خاتمے، جرائم کی شرح میں کمی، شہریوں کو سہولیات دینے کیلئے جو پلان ہے وہ بتائیں۔

ذرائع کے مطابق تجاویز کی حتمی منظوری آئی جی پنجاب دینگے۔ اس کے علاوہ آئی جی نے تھانوں کی انتظار گاہ اور خواتین کے کمروں کو بہتر کرنے کیلئے ہر تھانے کو 6 لاکھ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔