لندن میں اسحاق ڈار کیلئے بُری خبر، جائیداد ضبطگی کی کارروائی شروع

Last Updated On 14 July,2018 08:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے انٹرپول کو درخواست دے دی۔ سابق وزیرخزانہ کی جائیداد ضبطگی کی کارروائی بھی شروع ہو چکی ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پاسپورٹ منسوخی کا آپشن زیرغور آیا تھا، لیکن ایسا کرنے سے اسحاق ڈار کے واپس نہ آنے کا جواز پیدا ہوا جائے گا، ریڈ وارنٹ کب جاری کئے جائیں گے اس کا حتمی فیصلہ انٹرپول نے کرنا ہے۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطی کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، ریڈ وارنٹ کے ساتھ بھی ان کی جائیداد کی تفصیلات لف ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی وزارت داخلہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ اجراء کے معاملے کی پیروی کرتی رہے، مقدمے کی مزید سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی گئی۔