اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو 3 روزمیں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا اسحاق ڈار مفرور ہیں، سیکریٹری داخلہ ان کی وطن واپسی کو یقینی بنائیں۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے عدالت نہ آنے پر برہمی کا اظہار کر دیا۔ انہوں وارننگ دی کہ سابق وزیر خزانہ کا پاسپورٹ منسوخ کردیں گے۔ عدالت نے وزارت داخلہ کے حکام کو طلب کر لیا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا اسحاق ڈار کو بلایا تھا کدھر ہیں وہ ؟ جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا اسحاق ڈار نہیں آئے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا ہم اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کر دینگے، اسحاق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے، اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری کرنے پر بھی غور کرینگے، اسحاق ڈار کے وکیل کو بلائیں، ان سے پوچھیں طلب کرنے پر اسحاق ڈار کیوں نہیں آئے۔
چیف جسٹس نے کہا اسحاق ڈار کی واپسی کے لیے جو کرنا پڑا کرینگے، وزارت داخلہ حکام کو بلالیں ان سے پوچھ لیتے ہیں۔ چیف جسٹس کے ریمارکس کے بعد وزارت داخلہ کے حکام کو سپریم کورٹ طلب کر لیا گیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار عدالت کو بے توقیر کر رہے ہیں۔ نوٹس گھر کے باہر چسپاں کرنے کے باوجود پیش نہیں ہو رہے ہیں، اسحاق ڈار کی جانب سے ایک ہی میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا جا رہا ہے۔