اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود اسحاق ڈار کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا سابق وزیراعظم لندن میں ملزم سے ملتے رہتے ہیں، واپسی کیلئے کتنا وقت چاہیے؟ عدالت نے تمام اداروں کو وزارت داخلہ کی مدد کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں عطاء الحق قاسمی تقرری کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کیا اسحاق ڈار تشریف لائے ہیں ؟ سیکرٹری داخلہ بتائیں اسحاق ڈار کو کیسے واپس لانا ہے، مقدمہ میں بیشتر لوگوں کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں۔
سپریم کورٹ نے پوچھا کہ کیا عطاء الحق قاسمی کی بھاری تنخواہ کے لیے کسی نے ہدایت کی تھی، کیا عطا الحق قاسمی کو 15 لاکھ دینے کا جواز تھا، ہو سکتا ہے یہ معاملہ نیب کو بھجوا دیں، نیب کے حکام یہاں کمرہ عدالت میں موجود ہیں، تقرری قانونی تھی یا غیر قانونی فیصلہ کریں گے۔ سابق سیکریٹری خزانہ نے عدالت کو بتایا کہ عطاء الحق قاسمی تقرری کی سمری میں نے نہیں بھیجی، تنخواہ کی سمری وزارت اطلاعات نے بھیجی، ایم ڈی پی ٹی وی 14 لاکھ تنخواہ لے رہے تھے، تنخواہ کی سمری کا جائزہ متعلقہ ونگ نے لیا۔